ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبداللہ کی نگران وزیرداخلہ سرفراز بگٹی سے ملاقات

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان میں موجود ایتھوپیا کے سفیر جمال بیکر عبداللہ کی پاکستان کے نگران وزیرداخلہ سرفراز بگٹی سے ملاقات ہوئی۔

اس ملاقات میں دونوں فریقین کے مابین سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی جیسے مختلف شعبوں میں دوطرفہ، علاقائی اور کثیرالجہتی سطح پر تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

سفیر جمال بکر عبد اللہ نے وزیر کو دونوں ممالک کے درمیان مماثلتوں کے بارے میں بتایا اور ایتھوپیا اور پاکستان دونوں کو درپیش مشترکہ چیلنجز پر بھی روشنی ڈالی۔

انہوں نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان علم اور تجربات کے تبادلے پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایتھوپیا اور پاکستان کو اس سلسلے میں مل کر کام کرنا چاہیے۔

مزید برآں، سفیر نے وزیر کو ایتھوپیا میں ہونے والی اقتصادی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ دوسری جانب نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان افریقہ کو بہت اہمیت دیتا ہے اور ایتھوپیا پاکستان کو افریقی براعظم سے ملانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک ایتھوپیا کے ساتھ انسداد دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں اپنے علم اور تجربات کے تبادلے کے لیے تیار ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں