اسلام آباد: ورلڈ کپ 2023ء کے 38 ویں میچ میں بنگلادیش نے سری لنکا کو 3 وکٹ سے شکست دے دی۔ نئی دہلی میں کھیلے گئے میچ میں بنگلاد یش نے 280 رنز کا ہدف 42 ویں اوور میں 7 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
بنگلادیش کی طرف سے نجم الحسن شانتو نے 90 اور کپتان شکیب الحسن نے 82 رنز کی باری کھیلی، دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ پر 149 گیندوں پر 169 رنز کی شراکت قائم کی۔ نجم الحسن شانتو اور شکیب الحسن کی شاندار شراکت نے میچ پر بنگلادیشی ٹیم کی گرفت مضبوط کردی۔ شکیب الحسن جب 82 رنز کی باری کھیل کر پویلین لوٹے تو ٹیم کا مجموعی اسکور 210 رنز تھا اور ٹیم کو جیت کےلیے مزید صرف 70 رنز درکار تھے۔ بنگلادیش کی طرف سے لٹن داس 23، تنزید حسن 1، محمود اللّٰہ 22، مشفق الرحیم 10 اور مہدی حسن میراز 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ سری لنکا کی طرف سے مدھو شنکا نے 3، اینجیلو میتھیوز اور مہیش ٹھیکشانا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
آج کے مقابلے میں شاندار آل راؤنڈر پرفارمنس دینے پر بنگلادیشی کپتان شکیب الحسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے 82 رنز کی باری کے ساتھ 57 رنز دے کر 2 وکٹیں بھی حاصل کیے تھے۔ اس سے قبل بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور سری لنکا کی پوری ٹیم کو 49 اعشاریہ 3 اوورز میں میدان بدر کیا۔
سری لنکا کی طرف سے چارتھ اسالنکا نے سنچری بنائی، وہ 105 گیندوں پر 108 رنز بناکر پویلین لوٹے، انہوں نے اپنی اننگز میں 5 چھکے اور 6 چوکے لگائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں سدیرا سمارا وکراما اور پاتھم نسانکانے 41، 41 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، بنگلادیش کی طرف تنظیم حسن نے 3 جبکہ شرف الاسلام اور شکیب الحسن نے 2، 2 وکٹ اپنے نام کیے۔بنگلا دیش کے خلاف سری لنکا کی چوتھی اور پانچویں وکٹ 135 رنز پر گری جب سدیرا سمارا کراما 41 اور اینجیلو میتھیوز کو امپائر نے بغیر کوئی گیند کھیلے ٹائمڈ آؤٹ قرار دیا۔ قانون کے مطابق نئے آنے والے بیٹر کو 2 منٹ کے اندر گیند کا سامنا کرنا ہوتا ہے، اینجیلو میھتیوز کے ہیلمٹ کا اسٹریپ ٹوٹا ہوا تھا، بارہویں کھلاڑی نے نیا ہیلمٹ لانے میں دیر کی، جس کی وجہ سے امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دے دیا۔ پوائنٹس ٹیبل پر سری لنکا کی ٹیم آٹھویں پوزیشن پر آگئی جبکہ بنگلادیشی ٹیم اس جیت کے بعد ساتویں نمبر پر آگئی۔
یاد رہے کہ دونوں ہی ٹیمیں ورلڈکپ میں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر نکل چکی ہیں جبکہ ان میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے کوالیفائی کرنے کی جنگ جاری تھی۔