سعودی سفیر نواف سعید المالکی کی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں سپورٹس گالا کی اختتامی تقریب میں شرکت

اسلام آباد:بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کا سپورٹس گالا رنگا رنگ تقریب کے ساتھ جمعرات کے روز میل کیمپس میں اختتام پذیر ہو گیا ، اس تقریب کے مہمانِ خصوصی سعودی سفیر نواف سعید المالکی تھے۔

سعودی سفیر نے کامیاب سپورٹس گالا کے انعقاد اور غیر ملکی طلبا کی بھرپور شرکت پر صدر جامعہ اور یونیورسٹی کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ عصر حاضر میں ٹیکنالوجی نے نوجوانوں کو کھیلوں سے دور کر دیا ہے لیکن اس اسلامی یونیورسٹی میں ایسی بہترین سرگرمی کا انعقاد قابل تعریف ہے۔

پاک سعودی تعلقات کا ذکر کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات پوری دنیا جانتی ہے اور ہمارے دلوں میں پاکستان کے لیےخاص جگہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خادم حرمین شریفین اور سعودی حکومت نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ، اس موقع پر سعودی سفیر نے “پاک سعودی بھائی بھائی، پاک سعودی دوستی زندہ باد” کا نعرہ بھی لگایا ۔ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ہفتہ بھر جاری رہنے والے اس سپورٹس گالا میں پاکستانی اور 30 سے زائد ممالک کے 1000 کے قریب طلبا نے حصہ لیا۔ جامعہ کی 11 کلیات کے 50 سے زائد شعبہ جات نے کھیلوں کی 30 سے زائد کٹیگریز کے ان ڈور، آوٹ ڈور گیمز اور اتھلیٹکس کے مقابلوں میں حصہ لیا ۔

سپورٹس گالا کی فاتح فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی رہی جس کے کھلاڑیوں نے سب سے زیادہ مقابلے جیتے۔دوسرے نمبر پر آنے والی فکیلٹی سوشل سائنسز تھی جبکہ فکیلٹی آف لینگویجز اینڈ لٹریچر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اختتامی تقریب کے موقع پر رسہ کشی کافائنل فکیلٹی آف کمپیوٹنگ نے اپنے نام کیا۔تقریب میں سب سے زیادہ پذیرائی انڈونیشیا کے طلبا کی پرفارمنس کو ملی جنہوں اپنے روایتی کراٹے اور مارشل آرٹ کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوے صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی نے کہا کہ سپورٹس گالا 2023 جامعہ کی تاریخ میں ایک یادگار ایونٹ رہا۔ انہوں نے کہا کہ کھیل ہمیں زندگی میں جیت اور ہار کے لیے تیاری کا موقع دیتے ہیں اور نوجوانوں کی صحت اور تعلیم کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبا میں جوش، ولولہ اور لگن اور اس ایونٹ کی کامیابی کے لیے محنت قابلِ ستائش ہے۔انہوں نے سفیر مملکت سعودی عرب کی آمد پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج مشیر طلبا ،ان کی ٹیم، فکیلٹیز کے معاونین ، کوچز، انتظامیہ اور طلبا مبارکباد کے مستحق ہیں ۔

انہوں نے اعلان کیا کہ ایسے ہی سپورٹس گالا کا اہتمام جامعہ کے خواتین کیمپس میں بھی کیا جاےگا جو 13 نومبر سے 17 نومبر تک جاری رہے گا۔
اس موقع پر سعودی سفیر نے جیتنے والی فکیلٹیز میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ تقریب میں جامعہ کے نائب صدور، ڈینز، ڈی جی، اساتذہ کی بڑی تعداد اور طلبا کی بڑی تعداد شریک تھی ۔ تقریب کے میزبان مشیر طلبا ڈاکٹر غفران علی خان تھے جنہوں نے ایونٹ کی رپورٹ بھی پیش کی۔ بعدازاں سفیر نواف سعید المالکی نے صدر جامعہ کے ہمراہ یونیورسٹی کی نو تشکیل کردہ فوڈ سٹریٹ اور سٹوڈنٹس فیسیلیٹیشن سنٹر کا بھی دورہ کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں