وزیر مذہبی امور انیق احمدنے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سعودی ہم منصب سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران حج و عمرہ انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا
ایک اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا حج 2024 میں پاکستانی حجاج کی سہولتوں میں مزید اضافہ ہو گا۔
اجلاس میں سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر احمد فاروق اور نائب سفیر معظم خان بھی موجود تھے ۔ وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ حج 2024 میں پاکستانی حجاج کی سہولتوں میں مزید اضافہ ہو گا۔ حجاج کیلئے رہائش، خوراک اور سفری سہولیات کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے سعودی وزیر ڈاکٹر توفیق الربیعہ سے کہا کہ پاکستانی حجاج کے فلائٹ شیڈول کو جلد حتمی شکل دی جائے۔
مشاعر مقدسہ میں پاکستانی حجاج کو نزدیکی مکاتب فراہم کیے جائیں ۔ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ اسلام آباد کے علاوہ دیگر شہروں سے بھی شروع کیا جائے۔ انہوں نے خادم حرمین شریفین اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں وزارت حج و عمرہ کی جانب سے حجاج کو بہترین سہولیات مہیا کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر توفیق کا شکریہ ادا کیا۔
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے کہا کہ سعودی حکومت پاکستانی حجاج کو پہلے سے بڑھ کر تعاون پیش کرے گی ۔ حجاج کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے متعدد نئے اقدامات اٹھائے ہیں۔ دنیا بھر کے 80 ممالک سے نجی ٹور آپریٹرز کی تعداد محدود کر دی ہے۔ تمام پرائیویٹ ٹور آپریٹر کیلئے حجاج کی کم از کم تعداد 2 ہزار مقرر کی گئی ہے۔ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں کراچی اور لاہور کو شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کی دیگر شہروں تک توسیع بتدریج کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے حجاج کی بڑی تعداد آتی ہے؛ ان کی خدمت کرنا باعث شرف ہے۔ پاکستان حجاج کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ پاکستان سے محبت لازوال ہے ؛ باہمی تعلق کو بہتر سے بہتر کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کے دورہ اور حالیہ ملاقات کا مقصد حج کے انتظامی امور کو قبل از وقت مکمل کرنا ہے