وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نگراں حکومت نے جمعہ کو پیٹرول کی قیمت میں 14.9 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرول کی قیمت 14.9 روپے فی لیٹر اضافے کے ساتھ 305.36 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔
اس دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت 18 روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافے کے ساتھ 311 روپے 84 پیسے ہوگئی۔
16 اگست کو پیٹرول کی قیمت 17 روپے 50 پیسے فی لیٹر اضافے سے 290.45 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 293.40 روپے فی لیٹر ہوگئی۔ اس سے قبل اس وقت کی وفاقی حکومت نے یکم اگست کو پیٹرول کی قیمت میں 19 روپے 95 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے معاہدوں میں اضافی سبسڈی کی گنجائش کو مسترد کردیا۔
ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ نگراں حکومت کو آئی ایم ایف پروگرام “وراثت میں” ملا تھا، اس لیے یہ “ناقابل گفت و شنید” تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ معاہدے ضمنی سبسڈیز کو شامل کرنے کی اجازت نہیں دیتے۔
انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ موجودہ انتظامیہ ایک جامع حکمت عملی تیار کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے جس کا مقصد ملک کی معاشی صحت کو تقویت دینا ہے۔
وزیر نے نشاندہی کی کہ حکومت قومی کرنسی، روپے اور امریکی ڈالر کے درمیان شرح تبادلہ کو مستحکم کرنے کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔