اسلام آباد (سی این این اردو ): سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سفارتی ذرائع کہتے ہیں کہ سعودی ولی عہد کا پاکستان کا مختصر دورہ 10 ستمبر کو متوقع ہے۔شہزادہ محمد بن سلمان کا یہ ممکنہ دورہ 4 سے 6 گھنٹوں کا ہوگا۔اس دوران ان کی نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ، چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں ہوں گی، جن میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے فروغ پر غور کیا جائے گا.
ان ملاقاتوں میں دفاعی تعلقات کے فروغ، مشترکہ مسلح دفاعی مشقوں پر بھی بات چیت متوقع ہے، اس کے علاوہ پاکستان میں سعودی عرب کی طرف سے آئل ریفائنری کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیاجائے گا ۔
بتایا جاتا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں خطیر سرمایہ کاری کی جارہی ہے اور پاکستان میں دوست ممالک کی جانب سے سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اعلیٰ سطح کے سعودی وفد نے بھی اسلام آباد کا دورہ کیا، یہ پہلا غیر ملکی وفد تھا جو اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے پلیٹ فارم کے دورے پر پہنچا۔
دورے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سعودی نائب وزیرِ خارجہ نے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل میں اجلاس میں شرکت کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اجلاس بہت تعمیری رہا، یہ اجلاس دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے بہت مفید ثابت ہوگا، پاکستان میں خاص طور پر کان کنی، توانائی، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بہت امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی قیادت، کعبہ شریف کے نگران اور مملکت کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان ہمیشہ سے دونوں ممالک کے تعلقات بہتر بنانے کے حامی رہے ہیں، اس کے تناظر میں ہم بات چیت کا سلسلہ جاری رکھیں گے، جس کے نتیجے میں ایک اچھے معاہدے پر پہنچیں گے جس سے دونوں ممالک کو برابری کی سطح پر فائدہ ہوگا۔
سعودی وفد کے دورے کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے پختہ عزم کی علامت قرار دیا گیا، اسی لیے سعودی نائب وزیر خارجہ انجینئر ولید عبدالکریم الخیرج کی سربراہی میں 16 رکنی معزز وفد کا استقبال نہایت گرمجوشی کے ساتھ کیا گیا، پاکستانی حکام نے وفد کو اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) سیکرٹریٹ اسلام آباد میں تفصیلی بریفنگ دی۔
سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا کہ سعودی وفد پہلا غیر ملکی وفد ہے جس نے ایس آئی ایف سی کے پلیٹ فارم کا دورہ کیا، دورے کے دوران مہمان وفد کے ساتھ مخصوص ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوا جہاں سعودی وفد نے پاکستانی فریق کو مختلف شعبوں کے حوالے سے اپنی سرمایہ کاری کے مفادات اور تجاویز سے آگاہ کیا، بریفنگ کے بعد دونوں فریقین نے باہمی تعاون کے شعبوں اور منصوبوں میں مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا جب کہ دورے کے اختتام پر سعودی وفد نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کے ساتھ ملاقات کی، جس میں مختلف امور اور دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال ہوا۔