اسلام آباد (سی این این اردو) : اسٹیٹ بینک نے ایک اور نیا سکہ جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے مرکزی بینک نے رواں ماہ کے دوران دوسرا یادگاری سکہ جاری کر دیا۔ مرکزی بینک کی جانب سے پاک امریکہ سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر یادگاری سکہ جاری کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک اعلامیہ کے مطابق جمعرات کے روز اسلام آباد میں سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ پر یادگاری سکہ جاری کرنے کی تقریب منعقد کی گئی، تقریب میں گورنر سٹیٹ بینک، سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد اور امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے شرکت کی۔
گورنر سٹیٹ بینک نے کہا یادگاری سکے کا اجراء دونوں ممالک کے مضبوط روابط کی عکاسی کرتا ہے، پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط تجارتی اور سماجی تعلقات ہیں، سیکرٹری خارجہ نے کہا سکے پر موجود پاکستان اور امریکہ کی قومی علامتیں دونوں ممالک کی جمہوری بنیادوں کو اجاگر کرتی ہیں۔