لاہور: صدر ورلڈ بینک اجے پال سنگھ بنگا خوشاب پہنچے جہاں چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر زمان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق، کمشنر، ڈپٹی کمشنر، ضلعی افسران اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران اجے پال سنگھ بنگا نے خوشاب کے مین بازار میں واقع اپنے آباؤ اجداد کے گھر کا دورہ کیا، جہاں انہیں ان کے خاندانی پس منظر سے متعلق ریونیو ریکارڈ بھی دکھایا گیا۔ صدر ورلڈ بینک نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیرِ انتظام گوردوارہ سنگھ سبھا خوشاب میں بھی حاضری دی اور گوردوارے میں کیے گئے تزئین و آرائش، انتظامی اقدامات اور سہولیات کو سراہا۔

ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے صدر ورلڈ بینک کو سکھ مذہبی ورثے کے تحفظ، بحالی اور انتظام سے متعلق اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر زمان نے اجے پال سنگھ بنگا کو خصوصی تحائف بھی پیش کیے۔
اجے پال سنگھ بنگا نے پاکستان میں مذہبی آزادی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقلیتی مذہبی ورثے کے تحفظ میں ایک مثبت اور ذمہ دار کردار ادا کر رہا ہے۔
چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر زمان کا کہنا تھا کہ بورڈ مذہبی ورثے کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی معیار کے مطابق اقدامات کر رہا ہے اور سکھ یاتریوں کو بہترین مذہبی سہولیات اور مہمان نوازی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے ضلعی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کیے گئے سکیورٹی انتظامات کو مؤثر اور مثالی قرار دیا۔
چیئرمین بورڈ کے مطابق صدر ورلڈ بینک کے اس دورے سے پاکستان کا مثبت تشخص بین الاقوامی سطح پر مزید اجاگر ہوا ہے، جو عالمی برادری میں پاکستان کے لیے نیک نامی اور اعتماد کا باعث بنے گا۔