اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے آج اسلام آباد میں وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، اس موقع پر رانا ثناءاللہ اور امیر مقام بھی موجود تھے . جس کے دوران انہوں نے صوبے کو درپیش اہم مسائل اور ترقیاتی ترجیحات پر اپنا مؤقف پیش کیا۔
سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت سے خیبر پختونخوا کے لیے مالی وسائل کی بروقت فراہمی، جاری ترقیاتی منصوبوں میں تیزی اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح، روزگار کے مواقع اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیح بنا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے وفاق اور صوبے کے درمیان قریبی ہم آہنگی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ مشترکہ کوششوں سے خیبر پختونخوا کی معاشی اور سماجی ترقی کو مزید فروغ ملے گا۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے صوبائی مسائل کو سنجیدگی سے سننے اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔