لاہور : ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث گروہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد میں حسنات، بابر عبداللہ اور ساجد علی شامل ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان شہریوں کو بیرونِ ملک بھجوانے کے جھوٹے دعوؤں پر لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث تھے۔
تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزمان جعلی ویزے، فرضی کاغذات اور جھوٹے وعدوں کے ذریعے معصوم شہریوں کو دھوکہ دیتے تھے۔ متاثرین سے بھاری رقوم وصول کرنے کے بعد نہ تو انہیں بیرونِ ملک بھیجا جاتا تھا اور نہ ہی رقم واپس کی جاتی تھی۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں کیونکہ ملزمان سے اہم معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
حکام کے مطابق مائیگرنٹ سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کیا جائے گا اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ایسے عناصر کے جھانسے میں نہ آئیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع ایف آئی اے کو دیں۔