ایف آئی اے میں محکمانہ احتساب مکمل، متعدد افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی، سزاؤں کا اعلان

اسلام آباد : ایف آئی اے میں محکمانہ احتساب کا عمل تیزی سے جاری ہے، جس کا مقصد ادارے میں شفافیت، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ معیار کو بہتر بنانا ہے۔ ذرائع کے مطابق سیکرٹری انٹرئیر اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کی ہدایت پر مختلف ریجنز میں تعینات افسران اور اہلکاروں کے خلاف شکایات کی بنیاد پر اندرونی انکوائریاں شروع کی گئیں، جن کی مکمل تحقیقات کے بعد ذمہ داری ثابت ہونے پر متعدد اہلکاروں کو مختلف نوعیت کی سزائیں سنائی گئیں۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق، رپورٹس کے مطابق، کچھ افسران کو بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور ڈسپلن کی خلاف ورزی پر سخت تنبیہ، تنزلی اور معطلی جیسی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ چند اہلکاروں کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔ ذمہ داری ثابت نہ ہونے والے افسران کو کلئیر کر دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس عمل کا مقصد کسی کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ ادارے کو بہتر اور فعال بنانا ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق احتسابی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مانیٹرنگ میکانزم کو مضبوط کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں کسی بھی بدعنوانی، غفلت یا مس کنڈکٹ کو فوری طور پر سامنے لا کر کارروائی کی جا سکے۔ حکام نے واضح کیا کہ ایف آئی اے میں احتساب کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا، اور کسی بھی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرینس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں