ویانا، آسٹریا: ( زاہد غنی چوہان )چین کے مستقل مشن نے ویانا میں “ویانا میں قائم تنظیموں کے ذریعے عالمی ترقی اور حکمرانی کے فروغ” کے عنوان سے ایک اہم تقریب کا انعقاد کیا۔ اس تقریب میں مختلف ممالک کے مستقل نمائندوں کے ساتھ آئی اے ای اے، یو این او ڈی سی، یونائیڈو، یونووسا اور سی ٹی بی ٹی او جیسی نمایاں عالمی تنظیموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریب میں پاکستان کے مستقل نمائندہ برائے اقوام متحدہ ویانا، سفیر محمد کامران اختر نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے چینی صدر کے اہم عالمی اقدامات، خصوصاً گلوبل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو (GDI) اور گلوبل گورننس انیشی ایٹو (GGI) کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات ترقی پذیر دنیا میں خوشحالی اور ترقی کے فروغ کے لیے نہایت بروقت اور ضروری ہیں۔
سفیر کامران اختر نے کہا کہ ویانا میں قائم تمام اداروں کا کام پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) سے گہرے طور پر جڑا ہوا ہے۔ معاشی ترقی، ماحولیات کا تحفظ اور سماجی بہتری ایک دوسرے سے مربوط عناصر ہیں جن کے لیے مشترکہ اور مربوط عالمی کوششیں ناگزیر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پائیدار ترقی کے حصول کے لیے مشترکہ وژن اور باہمی اہداف کی ضرورت ہے۔ ویانا میں قائم ادارے— جیسے یونائیڈو، آئی اے ای اے، سی ٹی بی ٹی او، یو این او ڈی سی اور یونووسا— عالمی کوششوں کو عملی اور تکنیکی اقدامات میں تبدیل کرنے کا اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اپنے بیان میں سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ ترقی پذیر ممالک کے لیے عالمی ترقی اب بھی اولین ترجیح ہے۔ آج کی باہمی جڑی ہوئی دنیا میں ترقی کا انحصار اجتماعی عمل، بین الاقوامی شراکت داری، صلاحیت سازی اور تکنیکی معاونت پر ہے۔