لاہور :(شکیل احمد) – لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں ’’اسلامی نشاۃِ ثانیہ کی تخلیقی فکر: علامہ اقبال سے ڈاکٹر برہان احمد فاروقی تک‘‘ کے عنوان سے ایک علمی و فکری نشست کا انعقاد کیا گیا، جس کا اہتمام ادارۂ ثقافتِ اسلامیہ نے الحمرا کے تعاون اور پاکستان فلاسفیکل ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کیا۔
تقریب کی صدارت ڈاکٹر محمد اکرم چوہدری نے کی، جبکہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا محمد محبوب عالم چوہدری مہمانِ خصوصی تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے گیارہ قسمیں کھا کر انسان کو یہ حقیقت سمجھائی ہے کہ اصل کامیابی نفس کی پاکیزگی میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر برہان احمد فاروقی فرد کی روحانی ترقی کو نفسانی خواہشات پر قابو پانے میں مضمر سمجھتے تھے اور معاشرتی عروج کو مفادات کے منظم ادارہ جاتی نظم سے مشروط قرار دیتے ہیں۔
مقررین نے اپنے خطابات میں زور دیا کہ علامہ اقبال کی فکر آج بھی امتِ مسلمہ کے فکری احیاء اور نشاۃِ ثانیہ کا سرچشمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کے تخلیقی تصورات کو اپنا کر ہی مسلمان اپنی کھوئی ہوئی عظمت دوبارہ حاصل کر سکتے ہیں۔
نشست میں ڈاکٹر وحید الزمان طارق اور ڈاکٹر عبدالرؤف رفیقی مہمانانِ اعزاز کے طور پر شریک ہوئے۔ دیگر مقررین میں ڈاکٹر جاوید اقبال ندیم، ڈاکٹر صائمہ ارم، ڈاکٹر خضر یٰسین اور ڈاکٹر ابصار احمد شامل تھے جنہوں نے اسلامی نشاۃِ ثانیہ کے فکری و تخلیقی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔