پاکستان مسلم لیگ نون کے سینیٹر اور پنجاب حکومت کے مشیر خاص پرویز رشید ان دنوں جنوبی کوریا کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں وہ خطے میں کلائمیٹ چینج جیسے عفریت سے نمٹنے کے لیئے قانون سازی کے لیئے تشریف لائے ہیں۔ مسلم لیگ نون جنوبی کوریا کی اعلی قیادت کے ایک وفد نے صدر راجہ عامر اقبال کی قیادت میں ان سے ایک اہم ملاقات کی۔ وفد کے باقی سینئیر اراکین میں چیرمین مسلم لیگ نون کوریا شفیق خان، سینئیر نائب صدر مبشر حسن عباسی اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر میاں صابر حسین شامل تھے۔
وفد کی قیادت کرتے ہوئے صدر راجہ عامر اقبال نے سینیٹر پرویز رشید کو جنوبی کوریا میں پرجوش انداز میں ویلکم کرتے ہوئے کہا کہ گو کہ جنوبی کوریا ایک چھوٹا ملک ہے اور برطانیہ امریکہ یا گلف کے ممالک کی نسبت یہاں پاکستانیوں کی تعداد بہت کم ہے لیکن پھر بھی اللہ کے فضل و کرم سے مسلم لیگ نون کوریا کا چیپٹر ایک مثالی چیپٹر ہے۔ راجہ عامر نے چئیرمین شفیق خان کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ شفیق خان ایک بے لوث کارکن اور محب وطن پاکستانی ہیں۔ پاکستان سے جب بھی کوئی پارٹی وفد کوریا آئے تو شفیق خان صاحب ہر صورت ان کا بھرپور استقبال کرتے ہیں۔
تین گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی میٹنگ میں کوریا میں پارٹی امور کے ساتھ ساتھ ملکی سیاسی صورت حال بھی زیر بحث رہی۔ خصوصی طور پر سینیٹر پرویز رشید نے پنجاب حکومت کے متعدد منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی اور کھل کر وزیر اعلی مریم نواز شریف کے وژن اور محنت کی تعریف کی۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ جس طریقے سے سیلابی آفت نے پنجاب کو متاثر کیا ہے اگر مریم نواز وقت پر فلڈ ریلیف سرگرمیاں شروع نا کرتیں تو بہت بڑا نقصان ہو جاتا۔
مسلم لیگ نون ساوتھ کوریا کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر میاں صابر حسین نے سینیٹر پرویز رشید کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے انتہائی مختصر وقت میں بیرسٹر امجد ملک صاحب کی قیادت میں اس خطے کے متعدد ممالک میں بارہ سو سے زائد پارٹی افسران کی فورس کھڑی کر دی ہے جو ہمہ وقت پاکستان کے سافٹ امیج اور قائد میاں نواز شریف کی سیاسی سوچ کی ترویج میں مصروف عمل ہیں۔
سینئیر نائب صدر مبشر حسن عباسی نے اسلام آباد کے ایک مقامی ہسپتال میں زیر علاج ایک پارٹی ورکر کی مشکلات کا ذکر کیا تو سینیٹر پرویز رشید نے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کر دیں۔
پرویز رشید مسلم لیگ نون کے ان چند قائدین میں سے ہیں جو مڈل کلاس سے تعلق رکھتے ہوئے اپنی محنت کے بل بوتے پر اس اعلی مقام تک پہنچے ہیں۔ سینیٹر پرویز رشید پر مشرف کے مارشل لاء میں صرف اسی وجہ سے بدترین جسمانی تشدد ہوتا رہا کہ آپ نے نواز شریف کا ساتھ چھوڑنے سے انکار کر دیا۔
پرویز رشید سینٹ آف پاکستان کے رکن، پنجاب حکومت کے مشیر خاص اور میاں محمد نواز شریف کے انتہائی قریبی رفقاء میں شمار ہوتے ہیں۔ سینیٹر پرویز رشید سیاسی حلقوں میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے سیاسی اتالیق کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔