بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے ہزاروں ملازمین کا نجکاری کیخلاف مظاہرہ

اسلام آباد:ہائڈرو الیکٹرک یونین کے ہزارروں ملازمین نے بدھ کے روز اسلام آباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین کے نمائندوں نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو ملک بھر کی بجلی بند کر دینگے، بجلی تقسیم کار کمپنیوں، یوٹیلٹی اسٹور سمیت دیگر اداروں کی نجکاری کیخلاف اور اپنے مطالبات کے حق میں آل پاکستان فیڈریشن آف ٹریڈ یونینز، آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونینز، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن ورکرز یونین سمیت دیگر اداروں کے زیراہتمام مظاہرہ کیا گیا۔

احتجاجی مظاہرے میں آل پاکستان فیڈریشن آف ٹریڈ یونینزکے چیئرمین اور آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونینزکے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری حاجی محمد رمضان اچکزئی، آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونینزکےریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ، ریجنل سیکرٹری عمران خان،ریجنل چیئرمین سکھر نثار شیخ، عبداللہ سومرو، محمود پٹھان، ریاض سانگی اور دیگر نے خطاب کیا۔

مقررین نے کہا واپڈا سمیت دیگر اداروں کی نجکاری کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔واپڈاکی کسی بھی کمپنی اور شعبہ کی نجکاری نہ کی جائےاورنجکاری کمیشن و وزارت کا خاتمہ کیا جائے، سٹاف کی کمی کو ہنگامی بنیادوں پر فی الفور نئی یاڈسٹک بناکر مستقل بھرتیوں کو پورا کیا جائےاورپارٹ ٹائم، ڈیلی ویجز، کنٹریکٹ سمیت تمام عارضی ملازمین کو فی الفور مستقل کیا جائے،

انہوں نے مطالبات کرتے ہوئے کہا کہ تمام محنت کشوں کی ماہانہ تنخواہ ایک تولہ سونے کے برابر کی جائے، تمام واپڈا ملازمین کی جان کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئےانہیں معیاری حفاظتی سامان بمعہ بکٹ کرین مہیا کیا جائے، تمام ملازمین کو ایگزیکٹو الاؤنس کی طرح بنیادی تنخواہ کا ڈیڑھ گنا ڈینجریس ، ٹیکنیکل یا کلریکل الاؤنس دیا جائے، ٹی اے ،آف ڈے اور اوورٹائم ڈبل کئے جائیں اور انکی کٹوتی مکمل بند کرتے ہوئے تمام واجبات ہر ماہ تنخواہ کیساتھ ادا کئے جائیں، ملک بھر میں تمام ملازمین کو رہائش کی سہولت دی جائے یا پھر ہاؤس رینٹ کو ہائیرنگ کے ستر فیصد کے برابر کیا جائے،

مقررین نے کہا کہ تمام ملازمین کو ریٹائرمنٹ پر پانچ مرلہ کا ایک پلاٹ دیا جائے،فری سپلائی کے خاتمہ کو روکا جائے، تمام ملازمین کو ٹائم سکیل پروموشن لازم دیا جائے، شفٹ الاؤنس کو بنیادی تنخواہ کے تیس فیصد کے برابر کیا جائے،ماہانہ کنوئنس الاؤنس کم از کم 30 لٹر پیٹرول کے برابر دیا جائے،

واپدا ملازمین کے بچوں کی بھرتی کے کوٹے پر فی الفور عمل درآمد کیا جائے، میڈیکل سہولت نہ ملنے پر کم از کم پانچ ہزار ماہانہ میڈیکل الاؤنس دیا جائے،ملازمین کے بچوں کو سکول سے یونیورسٹی تک تعلیم کو فری کیا جائے،درچہ چہارم کے ملازمین کو سکیل سات دیا جائے، مزدور دشمن پنشن ترامیم کو فی الفور ختم کیا جائے،پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے،واپڈا کی تمام کمپنیوں کو تحلیل کرکے واپڈا کو دوبارہ ایک یونٹ بنایا جائےاور ملک بھر میں اسکا ریفرنڈم کرایا جائے،

مہنگی بجلی اور لوڈ شیڈنگ کی اصل ذمہ دارپرائیویٹ پاور پلانٹ آئی پی پیز ہیں،حکومت آئی پی پیز کو قومی ملکیت میں لیکر عوام کو بغیر ٹیکس کے پیداواری لاگت پر بجلی فراہم کرے،مظاہرین نےارباب اختیار کو خبردار کیا کہ اگر واپڈا کی نجکاری کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو ملک بھر کی بجلی بند کر دینگےجس کے بعد حکمرانوں کیلئے نظام چلانا ممکن نہیں رہے گا،

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں