برازیل کی سپریم کورٹ نے سابق صدر جائر بولسونارو کو بغاوت کی سازش کے الزام میں 27 سال اور تین ماہ قید کی سزا سنا دی ہے۔ ان پر الزام تھا کہ 2022 کے الیکشن ہارنے کے بعد انہوں نے اقتدار میں رہنے کے لیے بغاوت کی کوشش کی۔
بولسونارو، جنہیں ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی اتحادی کے طور پر بھی جانا جاتا ہے، کی سزا پر ٹرمپ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتقامی کارروائی قرار دیا۔ ٹرمپ نے برازیل پر ٹیرف بڑھانے اور کیس سننے والے ججز پر پابندیاں لگانے کی دھمکی بھی دی۔
برازیل کے مقامی زرائع ابلاغ کے مطابق پانچ رکنی بینچ نے چار، ایک کے فیصلے سے سزا سنائی جبکہ بولسونارو کے وکیل نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف لارجر بینچ میں اپیل کریں گے۔
امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے فیصلے کو ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اس پر اپنا ردعمل دے گا۔