پاکستان بزنس ایسوسی ایشن نے جمہوریہ کوریا کے ممتاز سفارتکار اور پاکستان میں سابق کورین سفیر، معزز ڈاکٹر سونگ جونگ ہوان کو اپنا چیف ایڈوائزر مقرر کیا ہے۔ ڈاکٹر سونگ جونگ ہوان اپنی خدمات، تجربات اور پاکستان سے گہرے تعلقات کی بدولت نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی کاروباری برادری کے لیے بھی ایک قیمتی سرمایہ سمجھے جاتے ہیں۔
میاں صغیر احمد جنرل سیکرٹری PBA نے سی این این اردو کو بتایا کی ڈاکٹر ہوان نے پاکستان اور کوریا کے درمیان سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اپنے سفارتی دور میں انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، ثقافتی اور تعلیمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے بے شمار اقدامات کیے۔ ان کی کاوشوں کے نتیجے میں کورین سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں نے پاکستان میں دلچسپی لینا شروع کی، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت ملی۔
پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کی قیادت کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر سونگ جونگ ہوان کی شمولیت تنظیم کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ ان کی رہنمائی اور عالمی سطح پر کاروباری تعلقات کا تجربہ پاکستان کی کاروباری کمیونٹی کے لیے نہایت سودمند ثابت ہوگا۔ توقع کی جارہی ہے کہ ان کی مشاورت سے نہ صرف پاکستان اور کوریا بلکہ دیگر ممالک کے ساتھ تجارتی مواقع بھی بڑھیں گے اور سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلیں گے۔
ڈاکٹر ہوان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ایک پرجوش اور بے پناہ مواقع رکھنے والا ملک ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جاسکے۔ ان کی تقرری کو کاروباری حلقوں میں خوش آئند قرار دیا جارہا ہے۔