اسلام آباد (سی این این اردو) :ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے اپنےسوشل میڈیا اکاؤنٹ x (سابق ٹویٹر ) پر اپنے پیغام میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے حالیہ دورۂ پاکستان کے اختتام پر، میں حکومتِ پاکستان اور برادر، دوست اور ہمسایہ ملک پاکستان کی عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ایرانی صدر اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کو پرتپاک اور دل کھول کر مہمان نوازی کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔
خصوصی طور پر وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کا صمیم قلب سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس دورے کو تاریخی اور ناقابلِ فراموش لمحوں سے بھرپور بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کا بھی دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں جنہوں نے صدرِ ایران اور وفد کو ایوانِ صدر میں خوش دلی سے خوش آمدید کہا اور میزبانی کی۔
اسی طرح، میں آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی موجودگی اور قیمتی تعاون نے اس اعلیٰ سطحی دورے کی کامیابی کو یقینی بنایا۔
پاکستان کے نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار اور وزارتِ خارجہ کے محنتی عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ہمہ وقت کوششوں کا بھی معترف ہوں، جنہوں نے اس اہم دورے کی اعلیٰ سطح پر کامیاب منصوبہ بندی اور ہم آہنگی کو ممکن بنایا۔
لاہور کے تاریخی اور دلکش شہر میں ہماری میزبانی پر میں سابق وزیراعظم جناب نواز شریف اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے گرمجوشی سے استقبال کیا۔
اس کے علاوہ میں وفاقی وزراء جناب ریاض حسین پیرزادہ، خواجہ محمد آصف، جام کمال خان، عبدالعلیم خان، محمد رضا حیات ہراج اور عطا اللہ تارڑ کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا اور بارہ اہم مفاہمتی یادداشتوں کو حتمی شکل دینے میں بھرپور معاونت فراہم کی۔
پاکستان اور ایران تاریخی، ثقافتی اور اسٹریٹجک بنیادوں پر استوار گہرے تعلقات رکھتے ہیں۔ اس دورے میں تجارت، انفراسٹرکچر اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں متعدد اہم معاہدات پر دستخط کیے گئے، جو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہیں۔
اس اعلیٰ سطحی قیادت کی باہمی خواہش، پختہ ارادے اور دو طرفہ تجارت کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے ہدف کی روشنی میں، میں اسے اپنا فرض، ذمہ داری اور اعزاز سمجھتا ہوں کہ میں، پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے کے اپنے ساتھیوں کے ساتھ، اور تہران میں موجود اپنے ہم منصب اداروں کے ساتھ، اس مشترکہ وژن کی تکمیل کے لیے مسلسل اور مخلصانہ محنت جاری رکھوں۔
ایران-پاکستان دوستی زندہ باد، پائندہ باد۔