اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں طوفان، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی معلومات کی روشنی میں ممکنہ متاثرہ علاقوں کی تفصیل درج ذیل ہے:
اسلام آباد اور راولپنڈی: تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش کا امکان۔
آزاد جموں و کشمیر: مظفرآباد، باغ، راولاکوٹ، ہٹیاں بالا، میرپور اور نیلم ویلی سمیت دیگر علاقوں میں آندھی، طوفان اور بارش کی پیشگوئی۔
سندھ: کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر اور میرپور خاص کے اضلاع میں شدید بارش اور طوفانی ہواؤں کی توقع۔
خیبر پختونخواہ: سوات، دیر، پشاور، مالاکنڈ، ایبٹ آباد، نوشہرہ، چارسدہ اور مانسہرہ میں مختلف مقامات پر بارش اور تیز ہوائیں متوقع ہیں۔
پنجاب: لاہور، ملتان، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں گرج چمک، آندھی اور بارش کا امکان۔
ممکنہ خطرات:
کشمیر اور خیبر پختونخواہ کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
تیز ہواؤں اور آندھی کے باعث کمزور درختوں، کچی دیواروں اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور دیگر غیر محفوظ تنصیبات کے قریب جانے سے اجتناب برتا جائے۔
حد نگاہ میں کمی کے باعث ٹریفک حادثات کا خدشہ ہے، شہری حضرات احتیاط برتیں۔
اقدامات اور ہدایات:
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔
عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ موسمی حالات اور خطرات کے بارے میں باخبر رہنے کے لیے NDMA کی آفیشل “ڈیزاسٹر الرٹ” ایپ سے رہنمائی حاصل کریں۔