Chairman Senate Yousaf Raza Gillani delivering a speech at the AI Knowledge Session in the Senate of Pakistan, with EU Ambassador Dr. Riina Kionka and officials in attendance.

سینیٹ آف پاکستان میں مصنوعی ذہانت پر نالج سیشن، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا خطاب

اسلام آباد — سینیٹ آف پاکستان میں مصنوعی ذہانت (AI) پر ایک اہم نالج سیشن کا انعقاد کیا گیا جس سے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا مستقبل جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے میں مضمر ہے، اور وقت آ گیا ہے کہ پارلیمانی نظام میں ڈیجیٹل تبدیلیوں کے ذریعے عوامی خدمت کو مؤثر، فعال اور جوابدہ بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ:

“اپنی عوامی خدمت اور سیاسی سفر کے دوران ہمیشہ اس یقین کو مضبوطی سے تھاما کہ جدید ٹیکنالوجی کی شمولیت حکمرانی کے مستقبل کی بنیاد ہے۔”

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایوان بالا نے قانون سازی میں جدیدیت کی جانب ایک اہم پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ:

“ڈیجیٹل گورننس، ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی، اور عوامی فلاح کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال اب محض ایک آپشن نہیں، بلکہ ضرورت بن چکا ہے۔”

سینیٹ میں پاکستان کا پہلا مقامی طور پر تیار کردہ مصنوعی ذہانت AI چیٹ بوٹ متعارف کروانے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا:

“یہ AI چیٹ بوٹ اراکینِ پارلیمنٹ کو قانون سازی، کمیٹی کارروائیوں اور پالیسی سازی سے متعلق معلومات تک فوری رسائی فراہم کرے گا۔ یہ وقت کی بچت، مسودہ نویسی، اور نگرانی کے عمل کو بہتر بنائے گا۔”

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا، جاز کے سی ای او عامر ابراہیم اور دیگر معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے یورپی یونین مشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا:

“یورپی یونین کے تعاون سے پارلیمانی بجٹ آفس اور AI ٹولز کی تیاری ممکن ہوئی ہے۔ ہم یورپی پارلیمنٹ کی AI ریگولیشن کو ایک قابلِ تقلید ماڈل کے طور پر سراہتے ہیں۔”

انہوں نے محترمہ ردا قاضی، مشیر برائے خصوصی اقدامات و پارلیمانی ترقیاتی یونٹ، سینیٹ سیکرٹریٹ، PIPS اور تمام متعلقہ اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے سیشن کے انعقاد کو ممکن بنایا۔

چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ:

“مصنوعی ذہانت کے ذریعے جھوٹے بیانیے اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کے خلاف موثر اقدامات ممکن ہیں۔ یہ سیشن اراکین کو اس ٹیکنالوجی کی بہتر تفہیم دے گا۔”

اختتامی کلمات میں چیئرمین سینیٹ نے تمام شرکاء، ماہرین، ماڈریٹرز اور شراکت داروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا:

“ہم ٹیکنالوجی کے شعبے سے مزید گہرے اشتراک کے خواہاں ہیں تاکہ قومی مفاد میں جدت لائی جا سکے۔ میری دعا ہے کہ یہ سیشن ہم سب کے لیے رہنمائی، سیکھنے اور مستقبل کی تیاری کا ذریعہ بنے۔”

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں