ایران نے اسرائیل کے خلاف ایک اور بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 100 بیلسٹک اور ہائپر سونک میزائل داغے ہیں، جن میں حیفہ کے معاشی مراکز بھی نشانہ بنے۔ ایرانی حملے سے حیفہ میں ایک عمارت کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ڈرون حملے سے وہاں کی ریفائنریز میں آگ بھڑک اٹھی۔
شمالی اسرائیل میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیل پر ہائبرڈ ڈرون میزائلوں سے بھی حملہ کیا گیا۔ اسرائیلی ہوم فرنٹ کمانڈ کے مطابق حیفہ، کرایوت اور مغربی گلیلی کے علاقوں میں سائرن بجائے گئے۔
ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایک گھنٹے کے دوران اسرائیل کے دس جنگی طیارے مار گرائے ہیں، تاہم اسرائیلی حکام نے اس دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔
ایرانی مہر نیوز ایجنسی کے مطابق خاتم الانبیا ایئر ڈیفنس بیس کے کمانڈر نے کہا ہے کہ ایران کے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران اسرائیل کے دس فوجی طیارے مار گرائے گئے، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ طیارے کس قسم کے تھے۔ اس سے قبل ایران نے تین ایف-35 طیارے مار گرانے اور ایک خاتون پائلٹ کو حراست میں لینے کا بھی دعویٰ کیا تھا، جسے اسرائیل نے مسترد کر دیا تھا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تہران پر دو گھنٹوں تک اسرائیلی فضائیہ کے ستر طیاروں نے پرواز کی اور چالیس اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ یہ ایران میں اب تک کی سب سے بڑی فضائی کارروائی تھی۔