تہران: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے وعدہ صادق 3 میزائلی کارروائی کے بارے میں ایک اور باضابطہ بیان جاری کیا ہے۔ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے کا کہنا ہے سپاہ پاسداران انقلاب کے بیان مطابق اس کارروائی میں سپاہ پاسداران کے میزائلی اور ڈرون فورس نے ہدف اور اسمارٹ اسٹرائک کے وسائل کے ذریعے، ایران کے خلاف استعمال ہونے والے دشمنوں کے فوجی مراکز اور ایئربیسز کو نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ ان فوجی صنعتی مراکز کو بھی ہدف بنایا جہاں میزائل اور دوسرے فوجی وسائل تیار کیے جاتے تھے جنہیں علاقے کے عوام بالخصوص فلسطینیوں اور غزہ کے مظلوم عوام کے خلاف استعمال کیا جاتا تھا۔
سپاہ پاسداران انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ سرزمینیوں میں واقع متعدد فوجی اہداف کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ فیلڈ رپورٹوں، سیٹ لائٹ تصاویر اور خفیہ کارروائیوں کے ذریعے ثابت ہوگیا کہ دسیوں میزائل اپنے اسٹریٹیجک اہداف سے ٹکرائے ہیں اور دشمنوں کے دعووں کے باوجود، وہ اسلامی جمہوریہ ایران کے میزائلوں کی متعدد لہروں کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
سپاہ پاسداران کے بیان میں زور دیکر کہا گیا ہے کہ وعدہ صادق 3 کارروائی سپریم لیڈر کے حکم اور عوامی مطالبے کے تحت انجام دی گئی اور بے گناہوں کے بہائے گئے خون کے بدلے کا محض ایک حصہ تھی۔
اس بیان میں آیا ہے کہ وعدہ صادق 3 کارروائی اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج اور اداروں کی مکمل ہماہنگی اور مستحکم اور شاندار طریقے سے انجام پائی۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بیان میں درج ہے کہ اس میزائیلی کارروائی کا واضح پیغام ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی سلامتی، مسلح افواج کی ریڈلائن ہے۔