ہمارے کارکن ہماری طاقت ہیں، ہمیں ملک کی ترقی کے لیے متحد ہوکر کام کرنا ہے: صدر آصف علی زرداری

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ایوان صدر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقات کی، جہاں انہوں نے تمام پارٹی کارکنان کو عید کی مبارکباد دی اور ان کے کردار کو سراہا۔

صدر زرداری نے کہا کہ “ہمارے کارکن ہماری اصل طاقت ہیں، جنہوں نے ہر مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دیا۔ ہمیں اپنے ملک اور دھرتی سے وفاداری نبھانی ہے اور ترقی کے لیے دل جمعی سے کام کرنا ہے۔”

انہوں نے ملکی معیشت کو خود کفیل بنانے اور مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ “زراعت ہماری معیشت کی بنیاد ہے، ہمیں زرعی شعبے کو فروغ دے کر ملکی ترقی کا راستہ ہموار کرنا ہوگا۔ کسانوں کی بھرپور معاونت سے ہم معیشت کو مستحکم کر سکتے ہیں۔”

صدر مملکت نے بھارت میں بڑھتی ہوئی شدت پسندی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “بھارت میں اقلیتیں، خاص طور پر مسلمان اور عیسائی، تعصب اور ظلم کا شکار ہیں۔ ہندوتوا کا انتہاپسندانہ نظریہ پورے خطے کے امن کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔”

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جنوبی ایشیا کے مسلمان خطے کی تاریخی، مذہبی اور ثقافتی جڑوں کا حصہ ہیں اور پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پوری قوم کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں