اٹک، امریکی قونصل جنرل کرسٹین ہاکنز نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اٹک عوامی فلاح و بہبود کے لیے جو انقلابی اور تاریخی اقدامات کر رہی ہے، وہ قابلِ تعریف ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس اٹک کے دورے کے دوران کیا۔
ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا نے معزز مہمان کا استقبال کیا اور انہیں ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ تعلیم، صحت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت اور ادب سمیت متعدد شعبوں میں عملی اقدامات کر رہی ہے۔

تعلیم کے میدان میں “لرن اینڈ ارن” پروگرام کے تحت گورنمنٹ پائلٹ اسکول میں طلبہ و طالبات کو فری لانسنگ، گرافک ڈیزائننگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور دیگر آئی ٹی کورسز فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ “ڈسٹرکٹ پبلک اسکول آف آئی ٹی اینڈ ایکسی لینس سینٹر” کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ نوجوانوں کو معاشی خود کفالت کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔
صحت کے شعبے میں تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خصوصی مرکز قائم کیا گیا ہے، جبکہ زراعت میں مونگ پھلی اور زیتون کی پیداوار کو فروغ دینے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سیاحت کو فروغ دینے کے لیے پاکستان پوائنٹ، سنبل بگلہ (1904) کی بحالی، خوشحال گڑھ میں فشنگ ہٹس، اور اٹک خورد میں سیاحتی سرگرمیوں کی ترقی شامل ہیں۔
علاوہ ازیں ادب کے فروغ کے لیے ضلع میں اکادمی ادبیات قائم کی گئی ہے جہاں سالانہ کتاب میلہ بھی منعقد ہوتا ہے۔
بعد ازاں، کرسٹین ہاکنز نے ماحولیاتی عالمی دن کے موقع پر ڈی سی آفس کے لان میں پودا لگایا اور طلباء و طالبات کے تیار کردہ ماحولیاتی ماڈلز کا معائنہ کرتے ہوئے ان کی محنت کو سراہا۔