ذوالحج کی مناسبت سے مقابلہ حسنِ قرآت و کلامِ حج، نوجوان نسل کی اسلامی تربیت وقت کی اہم ضرورت قرار

واہ کینٹ: پاکستان یوتھ لیگ والنٹیئر فورم کے زیرِ اہتمام واہ کینٹ کے ایک مقامی ہوٹل میں ذوالحج کے بابرکت مہینے کی مناسبت سے مقابلۂ حسنِ قرآت و کلامِ حج کا انعقاد کیا گیا۔ اس روحانی و تعلیمی محفل میں تعلیمی اداروں اور مدارس کے طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔

تقریب کی نظامت جنرل سیکرٹری صاحبزادی تمکنت رؤف امیر نے کی، جب کہ صدر حافظ علی رضا نے تمہیدی کلمات ادا کیے۔

مہمانِ خصوصی سینئر نائب صدر آل پاکستان قرآت و نعت کونسل راجہ طارق محمود نے کہا کہ:

> “علم خدمتِ انسانیت کا ذریعہ ہے، اور جو علم معاشرے کے لیے نفع مند نہ ہو، وہ بے فائدہ ہے۔ نوجوان نسل کو اسلامی اقدار اور تاریخ سے جوڑنے کے لیے اس قسم کی تقریبات انتہائی خوش آئند ہیں۔”

تقریب کے صدر، ڈاکٹر شاہد نواز ملک (منیجنگ ڈائریکٹر الملک ہسپتال اینڈ سرجیکل کمپلیکس) نے نوجوانوں کو دین سے جوڑنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ:

> “یہ وقت کا اہم تقاضا ہے کہ نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے منفی رجحانات سے بچا کر مثبت سمت دی جائے۔ ذوالحج کے اعمال کو اللہ تعالیٰ کے ہاں خاص فضیلت حاصل ہے۔”

پرنسپل کینٹ کالج فار گرلز، محترمہ فرخندہ اکرم نے پاکستان یوتھ لیگ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مبارکباد دی اور کہا کہ اس نوع کی محافل سے نوجوانوں کی روحانی تربیت ممکن ہے۔

چیئرمین پاکستان یوتھ لیگ، عابد حسین نے کہا:

> “ہم نے 52 سال سے اس مشن کو اپنے خونِ جگر سے زندہ رکھا ہے، پہلے یہ محافل محلوں کی سطح پر ہوتی تھیں، اب وسیع سطح پر ہو رہی ہیں تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں مشغول رکھا جا سکے۔”

ماہر تعلیم محمد علی قریشی ایڈووکیٹ نے حج کے فرائض اور اس کی روحانی اہمیت پر مفصل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حج کا سفر صبر، مشقت، اور ضبطِ نفس کا درس دیتا ہے۔

چیف آرگنائزر محترمہ رؤف نے کہا کہ:

> “ہماری کوشش ہے کہ طلبہ کو بلا تفریق، میرٹ پر مبنی ایسا پلیٹ فارم دیا جائے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو اُجاگر کر سکیں۔ رجسٹریشن بالکل مفت رکھی گئی ہے تاکہ ہر باصلاحیت نوجوان کو موقع مل سکے۔”

مقابلۂ حسن قرآت کے منصفین میں مولانا کاشف علی قادری، قاری حافظ زکی قادری، اور قاری آصف شامل تھے۔ جب کہ کلامِ حج کے منصفین میں محمد جنید نقشبندی، شاہد الرحمن صابری، اور فصیح الحسن چشتی شامل تھے۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں