گورنر خیبرپختونخوا کی روس کے سفیر البرٹ پی خورِیف سے ملاقات

اسلام آباد، پیر: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پیر کے روز اسلام آباد میں واقع اپنی رہائش گاہ پر پاکستان میں تعینات روس کے سفیر البرٹ پی خورِیف کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ گورنر نے معزز مہمان کا پرتپاک خیرمقدم کیا، جبکہ روسی سفارتخانے کے سینئر سفارتکار بھی سفیر کے ہمراہ موجود تھے۔

ظہرانے کے دوران گورنر خیبرپختونخوا نے کرم متاثرین کے لیے امدادی سامان کی فراہمی پر روسی حکومت اور عوام کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا بالخصوص متاثرہ علاقوں کے لیے بروقت امداد اور ہمدردی پر روس کا تعاون قابلِ تحسین ہے۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون اور تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ گورنر نے روسی سرمایہ کاروں کو خیبرپختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے عالمی شراکت ضروری ہے۔

گورنر نے روسی سفیر کو صوبائی دارالحکومت پشاور کے دورے کی دعوت بھی دی، جسے سفیر نے قبول کرتے ہوئے جلد دورے کی یقین دہانی کرائی۔ روسی سفیر نے خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان دوستی، محبت اور احترام کا رشتہ مضبوط ہے۔

تقریب کے اختتام پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے روسی سفیر کو صوبہ خیبرپختونخوا کی روایتی چادر، ٹوپی اور ایک یادگاری تحفہ پیش کیا۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں