پی ایس جی کی فتح پر جشن، فرانس میں 2 افراد ہلاک، 500 سے زائد گرفتار

پیرس: چیمپئنز لیگ فائنل میں پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کی انٹر میلان کے خلاف تاریخی فتح کے بعد پورے فرانس، خصوصاً دارالحکومت پیرس میں پرجوش جشن منایا گیا، تاہم یہ خوشی کا موقع ہنگامہ آرائی اور تشدد میں تبدیل ہو گیا۔

فرانسیسی وزارتِ داخلہ کے مطابق ہفتہ کی شب ہونے والی ان تقریبات کے دوران 2 افراد ہلاک، 192 زخمی، اور 500 سے زائد افراد گرفتار کیے گئے۔

وزارت کے مطابق اتوار کی صبح تک کی ابتدائی رپورٹ میں کل 559 افراد کو حراست میں لیا گیا، جن میں سے 491 گرفتاریاں پیرس میں ہوئیں، جبکہ 320 افراد کو باقاعدہ پولیس تحویل میں رکھا گیا، جن میں سے 254 پیرس میں شامل ہیں۔

پیرس کی مشہور شاں زے لیزے (Champs-Élysées) شاہراہ پر جشن کے دوران حالات کشیدہ ہو گئے، مشتعل ہجوم نے بس شیلٹر توڑ ڈالے اور پولیس پر پتھراؤ کیا، جس پر پولیس نے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔

وزارتِ داخلہ کے مطابق شہر بھر میں سینکڑوں مقامات پر آگ لگائی گئی، جن میں 200 سے زائد گاڑیاں نذرِ آتش ہوئیں۔ تصادم کے دوران 22 سیکیورٹی اہلکار اور 7 فائر فائٹرز زخمی ہوئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ عوام کو پرامن جشن منانے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم بعض مقامات پر پرتشدد مناظر نے صورتحال کو خطرناک بنا دیا۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں