اسلام آباد: ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے چار مسافروں کو جعلی لتھوانین ریزیڈنٹ کارڈز پر سفر کی کوشش کے دوران آف لوڈ کر دیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق،آف لوڈ ہونے والے مسافروں میں ذیشان منیر، بدر منیر، حسن جمیل اور محمد علی شامل ہیں۔ تمام افراد آپس میں بھائی ہیں اور ضلع جہلم کے رہائشی ہیں۔ یہ افراد فلائٹ نمبر J2144 کے ذریعے باکو کے راستے لتھوانیا جانے کی کوشش کر رہے تھے۔
امیگریشن کلیئرنس کے دوران ان کے کاغذات مشکوک پائے گئے، جس پر انہیں سکینڈ لائن آفس منتقل کیا گیا، جہاں مزید جانچ کے بعد ان کے ریزیڈنٹ کارڈز کو جعلی قرار دیا گیا۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ مذکورہ افراد نے ایک آن لائن ایجنٹ کے اشتہار کے ذریعے رابطہ کیا تھا، جس نے انہیں لتھوانیا کے جعلی ریزیڈنٹ کارڈ فراہم کیے۔ مسافروں نے اس ایجنٹ کو مختلف آن لائن ذرائع سے کل 8000 یورو ادا کیے تھے۔
ایف آئی اے نے چاروں مسافروں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا ہے۔
ایف آئی اے کی جانب سے شہریوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی ذاتی دستاویزات کسی غیر متعلقہ شخص کے حوالے نہ کریں، اور بیرون ملک سفر یا ویزہ حاصل کرنے کے لیے ہمیشہ متعلقہ ملک کے سفارتخانے سے رجوع کریں۔