راولپنڈی : پاکستان کا قیام کلمہ طیبہ کی بنیاد پر ہے قائداعظم کا پاکستان صبح قیامت تک قائم رہنے کے لیے بنا ہے ، دشمن پاک سرزمین کا بال بیکا بھی نہیں کرسکتا 24 کروڑ محبان کا وطن رسول کائناتۖ کا صدقہ اور فیضان ہے۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز ماہر تعلیم اور وائس چانسلر بارانی زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے یومِ تکبیر کے حوالے سے منعقدہ واک کے شرکاء سے خطاب میں کیا، یک جہتی واک میں رجسٹرار ،ڈینز، ڈائریکٹرز اور یونیورسٹی طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے بتایا کہ یوم تکبیر باصلاحیت سائنسدانوں اور سیاسی قائدین کی جرات مندانہ قیادت کے دلیرانہ فیصلوں کی بدولت نصیب ہوا ،27برس قبل پاکستان نے خود کو عالم اسلام کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت ثابت کر کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔ پاکستان کے کامیاب ایٹمی تجربات کے بعد جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن قائم ہوگیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے عالمی دباؤ مسترد کر کے جوہری صلاحیت حاصل کی جس پر قوم سیاسی و عسکری قیادت کے ساتھ ایٹمی سائنس دانوں کی محبتوں کی مقروض رہے گی ۔ پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے کہا کہ ہمیں نئی نسل کو اپنے اکابرین کی وطن دوستی سے گاہے بگاہے آگاہ کرتے رہنا چاہیے۔
