اسلام آباد : پاکستان بھر میں آج یومِ تکبیر انتہائی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ 28 مئی 1998 کو اسی دن پاکستان نے چاغی کے پہاڑوں میں کامیاب ایٹمی تجربات کر کے دنیا کی ساتویں اور عالم اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
وزیراعظم، صدرِ مملکت، اور اعلیٰ عسکری قیادت کی جانب سے قوم کو مبارکباد دی گئی۔ اس موقع پر مختلف شہروں میں تقاریب، سیمینارز، اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جن میں ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے والے وزیراعظم محمد نواز شریف جنہوں نےشدید عالمی دباؤ کے باوجود تجربات کئے سائنسدانوں، ڈاکٹر ثمر مند مبارک اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان (مرحوم) کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
اسلام آباد میں مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا، “یومِ تکبیر پاکستان کی خودداری، قومی وحدت اور سائنس و ٹیکنالوجی میں خود انحصاری کی علامت ہے۔ ہم اپنے دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔”
سیکیورٹی اداروں نے اس دن کو قومی یکجہتی اور قربانیوں کی یاد دہانی قرار دیا، جبکہ عوام نے گھروں، دفاتر، اور سوشل میڈیا پر قومی پرچم لہرا کر اور نعرہ تکبیر بلند کر کے دن کو منایا۔
یومِ تکبیر نہ صرف پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کا دن ہے بلکہ یہ پوری قوم کے عزم، اتحاد اور قربانیوں کی داستان بھی سناتا ہے۔