گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل کا چین کا 10 روزہ دورہ، اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ بیجنگ پہنچ گئے

بیجنگ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل ایک اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کے ہمراہ 10 روزہ سرکاری دورے پر چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔ اس اہم وفد میں سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، صوبائی وزیر آبپاشی صادق عمرانی، میر عاصم کرد گیلو، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما داؤد خان اچکزئی، چنگیز خان مری، سردار شوکت پوپلزئی اور بایزید خان کاسی شامل ہیں۔

یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اور پائیدار دوستی کو مزید تقویت دینے کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ گورنر بلوچستان کے اس اقدام کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینا، خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانا، اور بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم و بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں اشتراک کو وسعت دینا ہے۔

ذرائع کے مطابق، دورے کے دوران چینی حکام کے ساتھ اعلیٰ تعلیمی اداروں کے مابین تعلقات، نوجوانوں کے لیے اسکالرشپ اور تبادلہ پروگرامز جیسے اقدامات پر بات چیت کی جائے گی، تاکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ جنوبی ایشیا میں جاری سیاسی و اقتصادی تبدیلیوں پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات، باہمی اعتماد اور تعاون کی نئی راہیں ہموار کرے گا، اور تعلیم و معیشت کے شعبوں میں قابلِ قدر نتائج کا حامل ہو سکتا ہے۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں