سینٹ سٹینڈنگ کمیٹی ایمل ولی پر چرس پینے کاالزام لگانے پرمیجرجنرل (ر) حفیظ الرحمٰن کو اجلاس سے نکال دیا گیا

اسلام آباد:چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے سینیٹر ایمل ولی خان پر سینیٹ قائمہ کمیٹی اجلاس کے دوران چرس پی کر بیٹھنے کا الزام لگا دیا۔جس پر ایمل ولی خان برہم ہو گئے۔انہوں نے کہا ایک سرکاری ملازم کی اتنی جرات کہ مجھے کہے کہ چرس پی کر بیٹھا ہوں۔چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن اپنے الفاظ پر بار بار معافی مانگتے رہے لیکن ان کو کمیٹی اجلاس سے نکال دیا گیا۔

مقامی زرائع ابلاغ کے مطابق واقعہ بدھ کے روز سینیٹ کی کمیٹی برائے کم ترقی یافتہ علاقہ جات کے اجلاس کے دوران پیش آیا۔ میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے سینیٹر ایمل ولی خان پر طنز کرتے ہوئے کہاکہ ”آپ تو لگتا ہے چرس کا سگریٹ پی کر آئے ہیں!“میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بھی چرس کا سگریٹ دیں۔ یہ جملہ سنتے ہی ایمل ولی خان برہم ہو گئے۔آپ کو تکلیف کیا ہے؟ سرکاری ملازم کیسے کہہ سکتا ہے کہ چرس پی کر آئے ہو؟

ایمل ولی نے کہا کہ ایک سرکاری افسر کا یہ انداز بالکل قابل قبول نہیں، آپ کو یہ جرات کس نے دی ہے کہ ایسے بات کریں، اس پر میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے اعتراف کیا کہ مجھ سے غلطی ہوگئی ہے۔

میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن سینیٹر ایمل ولی سے بار بار معافی مانگتے رہے، ایمل ولی نے کمیٹی سے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن اجلاس میں رہے گا یا میں رہوں گا۔

اس پر میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن کو قائمہ کمیٹی کے اجلاس سے نکال دیا گیا۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن کے رویہ کی مذمت کرتے ہیں، آغا شاہزیب درانی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے سینیٹر کی ہی نہیں کمیٹی کی توہین کی ہے۔چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی نے معاملہ وزیراعظم کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم چیئرمین پی ٹی اے کے خلاف ایکشن لیں۔ انھوں نے قائمہ کمیٹی کی سیکرٹری آئی ٹی کو بھی معاملہ نوٹس لینے کی ہدایت کی۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں