ایف آئی اے امیگریشن نے پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے جعلی پولینڈ ریذیڈنس کارڈز کے ذریعے یورپ جانے کی کوشش کرنے والے دو مسافروں کو پرواز سے آف لوڈ کر دیا۔
مسافر محمد علی جان اور فاروق شاہ پرواز نمبر G9-554 کے ذریعے ترکی روانہ ہو رہے تھے۔ پروفائلنگ کے دوران دونوں کے قبضے سے جعلی پولینڈ ریذیڈنس کارڈ برآمد کیے گئے۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ محمد علی جان، فاروق شاہ کے ہمراہ اور اس کی معاونت سے سفر کر رہا تھا۔ دونوں نے بتایا کہ فرانس میں مقیم ایجنٹ طارق خان نے انہیں جعلی دستاویزات فراہم کیں اور یورپ پہنچانے کے لیے مکمل انتظامات کیے۔ اس غیرقانونی سہولت کے عوض ایجنٹ نے 40 ہزار یورو وصول کیے۔
تحقیقات کے مطابق، دونوں مسافر ایک منظم انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کے ساتھ رابطے میں تھے، جو پاکستانی شہریوں کو ترکی کے ای ویزا پر روانہ کرتا اور بعدازاں انہیں کشتیوں کے ذریعے یونان منتقل کیا جاتا ہے۔
گرفتار مسافروں کو آئندہ قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل پشاور کے حوالے کر دیا گیا ہے۔