اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ پہلگام میں دہشت گردی کے واقعے کے ذمہ داران کو قابل بھروسہ اور قانونی طریقہ کار کے ذریعے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔انڈیا اور پاکستان کشیدگی کو بڑھانے سے گریز کریں۔
سیکرٹری جنرل نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں پیر کے روز صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں پر حملے ناقابل قبول ہیں۔ موجودہ نازک حالات میں فریقین ایسی عسکری مخاصمت سے بھی گریز کریں جس کے بے قابو ہونے کا خدشہ ہو۔انتونیو گوتیرس نے کہا انڈیا اور پاکستان میں کشیدگی تکلیف و پریشانی کا باعث ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے کشمیر کے علاقے پہلگام میں دہشت گردی کے واقعے کے ذمہ داران کو قابل بھروسہ اور قانونی طریقہ کار کے ذریعے انصاف کے کٹہرے میں لاکھڑا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انڈیا اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی کو بڑھانے سے گریز کریں۔
انتونیو گوتیرش نے پہلگام حملے کے متاثرین کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے نتیجے میں انڈیا اور پاکستان کے مابین تناؤ کئی سال کی بلند ترین سطح پر ہے۔ان حالات میں دونوں ممالک تحمل سے کام لیں کیونکہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہوتی۔
سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ وہ دونوں ممالک کی حکومتوں اور لوگوں کا بے حد احترام کرتے ہیں اور ان کے مشکور ہیں جنہوں نے اقوام متحدہ کے لیے امن سمیت کئی طرح کا مفید اور نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے امن کے لیے اقوام متحدہ کی جانب سے مدد کی پیشکش کرتے ہوئے واضح کیا کہ ادارہ کسی بھی ایسے اقدام میں تعاون کے لیے تیارہے جس سے کشیدگی میں کمی آئے، امن کے لیے عزم کی تجدید ہو اور مسائل کا سفارتی حل نکالا جا سکے۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام پر 22 اپریل کو ہوئے دہشت گرد حملے میں 26 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعہ کے بعد دونوں ہمسایہ ملکوں میں سخت کشیدگی پائی جاتی ہے۔