ڈبل ڈیکر مسافر طیارے، جیسے بوئنگ 747 اور ایئربس A380، آج بھی مقبول ترین طیاروں میں شمار ہوتے ہیں، حالانکہ ان کی پیداوار بند ہو چکی ہے اور بہت سی ایئرلائنز ان کے زیادہ اخراجات اور سائز کی وجہ سے انہیں ریٹائر کر چکی ہیں۔
ان طیاروں کی کشادگی، خاموش کیبن اور پرتعیش سہولیات جیسے شاور سُوئٹس اور آن بورڈ بارز نے انہیں خاص بنا دیا ہے۔ فضائی سفر کے شوقین افراد کے لیے ان طیاروں کے اوپری ڈیک یا ناک پر سفر کرنا ایک خاص تجربہ ہے۔
بوئنگ نے 2022 میں 747 اور ایئربس نے 2021 میں A380 کی پیداوار بند کر دی تھی، لیکن اب بھی دنیا کی 11 ایئرلائنز ان طیاروں کو چلا رہی ہیں۔ کچھ ایئرلائنز نے ان میں نئی نشستوں اور جدید سہولیات کی سرمایہ کاری بھی کی ہے تاکہ مسابقت میں برقرار رہیں۔
اگرچہ کورونا وبا نے ان طیاروں کے خاتمے کو تیز کر دیا، لیکن نئی طیاروں کی فراہمی میں تاخیر اور پریمیم سفر کی مانگ نے 747 اور A380 کو ایک نئی زندگی دے دی ہے۔ امارات، اتحاد، کورین ایئر، بریٹش ایئرویز، لفتھانسا اور سنگاپور ایئرلائنز جیسی بڑی ایئرلائنز ان طیاروں کو اپ گریڈ کر کے اگلے کئی سال تک چلانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔