سفارتخانہ جمہوریہ کوریا اور نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کے اشتراک سے “K-Soft Power Seminar 2025” کا انعقاد 17 اپریل 2025 کو نمل اسلام آباد میں کیا گیا۔
تقریب کا آغاز جمہوریہ کوریا کے سفیر محترم کی افتتاحی تقریر سے ہوا، جس میں انہوں نے پاکستان اور کوریا کے درمیان دوستانہ تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام خاص طور پر کورین ڈراموں اور موسیقی کو بے حد پسند کرتے ہیں۔ سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ ثقافت ایک ایسی قوت ہے جو سرحدوں سے ماورا ہو کر دلوں اور ذہنوں کو متاثر کرتی ہے، اور یہ دو قوموں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کا بہترین ذریعہ ہے۔
نمل کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر (ر) شہزاد منیر HI(M) نے بھی سیمینار میں شرکت کی اور اپنے خطاب میں کہا کہ کورین سافٹ پاور نے پاکستان میں مثبت اثرات ڈالے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نمل میں کورین زبان کا باقاعدہ شعبہ “کنگ سیجونگ انسٹیٹیوٹ” کے نام سے قائم ہے، جو دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان نسل کورین ثقافت کی بے حد شوقین ہے، جس سے دوستی کے رشتے مزید گہرے ہوئے ہیں۔
سیمینار میں کوریا سے آئی معروف مقررہ مس الیکس چُوئی (Korea Creative Content Agency) نے کہا کہ پاکستان کی آبادی میں نوجوانوں کا تناسب زیادہ ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون کے لیے ایک بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
جناب زاہد حسین، جو کہ کوریا میں مقیم پاکستانی براڈکاسٹر اور “گلوبل کوریا اسکالرشپ الومنائی” کے صدر ہیں، نے بھی سیمینار میں اظہارِ خیال کیا۔
تقریب میں کورین زبان کے شعبہ کے سربراہ احتشام حسین، آئی کے ایس آئی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عاطف فراز، اور نمل کے متعدد طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ طلبہ نے سیمینار کے مواد کو بے حد سراہا اور اختتام پر شرکاء میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔