نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار ایک روزہ دورے پر کابل پہنچ گئے ہیں۔ ان کا ایئرپورٹ پر افغان حکومت کے اعلیٰ حکام نے استقبال کیا، جن میں وزیر مالیات و انتظام، وزارت خارجہ کے ڈاکٹر محمد نعیم وردک، ڈائریکٹر جنرل مفتی نور احمد، اور چیف آف اسٹیٹ پروٹوکول فیصل جلالی شامل تھے۔
پاکستان کے افغانستان میں مشن کے سربراہ، سفیر عبادت الرحمان نظامانی اور دیگر سفارتی افسران بھی موجود تھے۔ نائب وزیراعظم کے وفد میں سیکرٹریز داخلہ و ریلوے کے علاوہ وزارت خارجہ اور ایف بی آر کے سینئر افسران بھی شامل ہیں۔
اس اہم دورے کے دوران اسحاق ڈار عبوری افغان حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ یہ دورہ افغان عبوری حکومت کی دعوت پر ہو رہا ہے، جس میں وہ قائم مقام وزیراعظم ملا محمد حسن اخند، قائم مقام نائب وزیراعظم برائے معاشی امور ملا عبدالغنی برادر، اور قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی کے ساتھ مذاکرات کریں گے۔
تجارت، سکیورٹی اور عوامی رابطوں جیسے اہم معاملات پر گفتگو ہوگی۔ وزارت خارجہ کا قلمدان سنبھالنے کے بعد یہ اسحاق ڈار کا پہلا دورہ افغانستان ہے۔