پاکستان یوتھ لیگ والنٹیئر فورم کے زیر اہتمام عالمی یومِ خواتین کے موقع پر ایک خصوصی سیمینار “سیرتِ فاطمتہ الزہرہ رضی اللہ عنہا” کے عنوان سے ویلفیئر میرج ہال، واہ کینٹ میں منعقد ہوا۔ اس سیمینار میں شہر کے معززین، سیاسی، سماجی، مذہبی اور تعلیمی شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر پازیٹو سلوشنز اور موٹیویشنل اسپیکر ڈاکٹر محمد عتیق رضا تھے جبکہ صدارت یونیورسٹی آف واہ کے شعبہ اسلامیات کی چیئرپرسن ڈاکٹر مسرت ملک نے کی۔ کرنل (ر) صداقت حسین شاہ مہمانِ اعزاز کے طور پر شریک تھے۔
مقررین کے خیالات:
ڈاکٹر محمد عتیق رضا نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین اگر سیدہ فاطمتہ الزہرہ رضی اللہ عنہا کی سیرت و تعلیمات پر عمل کریں تو ایک بہترین معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ سیدہ فاطمتہ الزہرہ رضی اللہ عنہا کی زندگی کا ہر پہلو، چاہے وہ ازدواجی زندگی ہو، گھریلو معاملات ہوں یا معاشرتی امور، خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ آپ کی تعلیمات نے عورتوں کے حقوق اور سماجی اصولوں پر روشنی ڈالی اور آپ کی زندگی کا نمایاں وصف یہ تھا کہ ہر موقع پر اللہ کی رضا کو ترجیح دی۔
تقریب کی صدر ڈاکٹر مسرت ملک نے کہا کہ سیدہ فاطمتہ الزہرہ رضی اللہ عنہا اسلامی تاریخ میں ایک بلند مقام رکھتی ہیں۔ آپ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صاحبزادی اور حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی زوجہ تھیں۔ آپ کی سیرت خواتین کے لیے بہترین نمونہ ہے۔
مہمانِ اعزاز کرنل (ر) سید صداقت حسین شاہ نے کہا کہ حضرت فاطمتہ الزہرہ رضی اللہ عنہا کی زندگی حق اور سچائی کی علامت ہے۔ آپ نے ہمیشہ سچ کا ساتھ دیا اور خواتین کو بھی اپنے جائز حقوق کے لیے آواز اٹھانی چاہیے۔
پاکستان یوتھ لیگ والنٹیئر فورم کی چیف آرگنائزر عفت رؤف نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت فاطمتہ الزہرہ رضی اللہ عنہا دنیا کی سب سے زیادہ صابرہ خاتون تھیں۔ آپ نے سخت ترین حالات میں بھی صبر کا دامن نہیں چھوڑا اور کبھی کسی سے شکوہ نہیں کیا۔ آج کی خواتین میں صبر کی کمی ہے اور انہیں سیدہ فاطمہ الزہرہ رضی اللہ عنہا کی سیرت سے رہنمائی لے کر اپنی زندگی بہتر بنانی چاہیے۔
تقریب کی جھلکیاں:
تقریب کی نظامت جنرل سیکرٹری پاکستان یوتھ لیگ والنٹیئر فورم صاحبزادی تمکنت رؤف امیر نے احسن طریقے سے انجام دی۔ تلاوتِ قرآن زینب نے کی جبکہ نعتِ رسولِ مقبول علیزہ خان نے پیش کی۔ جنرل سیکرٹری تمکنت رؤف امیر نے سیرتِ فاطمہ الزہرہ رضی اللہ عنہا کے حوالے سے جامع سپاس نامہ پیش کیا۔
مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی خواتین میں تعریفی اسناد اور تحائف تقسیم کیے گئے۔ ان میں ڈاکٹر سیدہ منزہ صداقت، عفت رؤف، ایڈووکیٹ فرحانہ قمر رانا، کرن حیات، فاخرہ نوید، آنسہ مظہر، ثمینہ طارق، مس شمائلہ، فحرش روحا، سیدہ فائزہ، سارہ محمود، بشری شکیل، جویریہ رزاق، عائشہ عزیز، صاحبزادی تمکنت رؤف امیر، سیدہ حسیبہ شاہ اور زیبی عابد شامل تھیں۔
اختتامیہ:
تقریب کے اختتام پر پاکستانی خواتین اور امتِ مسلمہ کی بھلائی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ بعد ازاں، مہمانوں کی پرتکلف افطار ڈنر سے تواضع کی گئی۔ یہ سیمینار سیرتِ فاطمتہ الزہرہ رضی اللہ عنہا کی روشنی میں خواتین کے کردار اور معاشرتی ترقی میں ان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا ایک کامیاب ذریعہ ثابت ہوا۔