سندھ حکومت کی جنوبی کوریا کو دھابیجی اکنامک زون میں سرمایہ کاری کی پیشکش
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جنوبی کوریا کو دھابیجی اسپیشل اکنامک زون میں صنعتیں لگانے کی پیشکش کر دی۔ انہوں نے یہ پیشکش وزیراعلیٰ ہاؤس میں عوامی جمہوریہ کوریا کے سفیرمسٹر پارک کجون (Mr. Park Kijun) سے ملاقات کے دوران کی، جس میں دو طرفہ تعلقات، تجارتی روابط اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سندھ اور جنوبی کوریا کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کورین کمپنیوں کو ہائی-ٹیک انڈسٹری، سیمی کنڈکٹرز اور آٹوموبائل کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ دھابیجی اکنامک زون غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مواقع فراہم کرتا ہے۔
کورین سفیر پارک کجون نے سندھ میں آئی ٹی اور آٹوموبائل کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں جنوبی کوریا نےحیدرآباد-میرپورخاص سڑک کو پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت تعمیر کیا تھا، تاہم اس کے بعد کسی بڑے منصوبے میں کام نہیں کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کورین سفیر کو یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت کورین سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ اس حوالے سے انویسٹمنٹ ڈپارٹمنٹ سندھ کو ہدایت دی گئی کہ وہ کورین سرمایہ کاروں کے ساتھ براہ راست روابط استوار کرے اور ان کی معاونت کرے۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق یہ ملاقات سندھ اور جنوبی کوریا کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو مستقبل میں مزید تجارتی اور صنعتی معاہدوں کی راہ ہموار کرے گا۔