نادرا ٹیکنالوجیز، یو بی ایل اور ون لنک کے درمیان معاہدہ – 9 ہزار سے زائد ای سہولت مراکز پر دستیابی

نادرا ٹیکنالوجیز لمیٹڈ (این ٹی ایل) نے یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) اور ون لنک کے اشتراک سے ایک جدید مالی سروس متعارف کرائی ہے، جس کے تحت ملک بھر میں ای سہولت مراکز کے ذریعے تمام بینکوں میں رقوم جمع کرائی جا سکیں گی۔ اس حوالے سے معاہدے پر دستخط کی تقریب نادرا ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔

یہ نئی “کیش اِن سروس” ملک بھر میں 9 ہزار سے زائد ای سہولت فرنچائزیز پر دستیاب ہو گی، جہاں صارفین اپنی رقوم جمع کرانے کے ساتھ ساتھ بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت سے بھی مستفید ہو سکیں گے۔ اس اقدام سے مالی خدمات تک عوام کی رسائی میں بہتری آئے گی، ڈیجیٹل بینکنگ کو فروغ ملے گا اور مالی شمولیت کے قومی ہدف کے حصول میں مدد ملے گی۔

معاہدے کے تحت، ای سہولت نیٹ ورک کے ذریعے 50 سے زائد بینکوں کے اکاؤنٹس میں براہِ راست رقم جمع کرانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ دستخطی تقریب میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈپٹی گورنر جناب سلیم اللہ، چیئرمین نادرا، یو بی ایل کے گروپ ایگزیکٹو علی خالد غزنوی، ون لنک کے چیف ایگزیکٹو نجیب اگراوالہ، این ٹی ایل کے چیف ایگزیکٹو عمر خان آزاد اور دیگر سینئر عہدیداران نے شرکت کی۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں