کم عمری کی شادی لڑکیوں سے ان کا بچپن، خوشیاں اور خواب ہی نہیں، ان کی زندگی بھی چھین لیتی ہے۔ جنسی و تولیدی صحت کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے (یو این ایف پی اے) نے پاکستان میں ایک مختصر فلم کے ذریعے اس مسئلے کو اجاگر کیا ہے جو لاکھوں لڑکیوں کی زندگی تاریک کر رہا ہے۔
یو این پاکستان کے مطابق سلمیٰ ۔ خاموش چیخ’ دیہی علاقے میں رہنے والی ایک کم عمر لڑکی کی کہانی ہے جس کے خواب قبل از وقت شادی نے توڑ دیے ہیں۔ وہ ازدواجی زندگی کی ذمہ داریوں، صحت کے مسائل، معاشرتی دباؤ اور سماجی بدنامی سے لڑتے ہوئے اس راستے پر اپنی زندگی کو سنبھالنے کی جدوجہد کرتی ہے جو اس نے خود منتخب نہیں کیا۔
اس فلم میں خاص طور پر کم عمری کے حمل میں لڑکیوں کو درپیش جسمانی، ذہنی و سماجی مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ایسی لڑکیوں کو دوران حمل خون کی کمی، جسمانی کمزوری، ذہنی دباؤ، زچگی کی پیچیدگیوں حتیٰ کہ موت کے خطرے کا سامنا رہتا ہے۔ نوعمر سلمیٰ اپنے کھیلنے کودنے اور سکول جانے کی عمر میں یہ تمام مسائل جھیلتی ہے مگر ان کی تاب نہیں لا پاتی۔