سٹین ایبل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (SSDO) پاکستان میں بچوں کے خلاف جنسی زیادتی کے واقعات کے حوالے سے 2019 سے 2023 تک کے اعداد و شمار پر مبنی ایک جامع رپورٹ آج بروز سوموار 30 دسمبر 2024 کو جاری کرے گی ۔ یہ رپورٹ ملک کے تمام اضلاع سے حاصل کردہ معلومات کو مرتب کرکے تیار کی گئی ہے اور اس میں معلومات تک رسائی کے قوانین کے تحت مختلف سرکاری ذرائع سے ڈیٹا اکٹھا کیا گیا ہے۔رپورٹ میں پاکستان کے تمام صوبوں اور اضلاع میں بچوں کے ساتھ ہونے والے جنسی زیادتی کے واقعات کی ضلعی سطح پر تفصیلات فراہم کی گئی ہیں ۔ ایس ایس ڈی او کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید کوثر عباس نے اس رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ یہ رپورٹ پاکستان میں بچوں کے خلاف ہونے والے جنسی زیادتی کے واقعات کی سنگینی کو اجاگر کرنے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایس ایس ڈی او نے اعداد و شمار سرکاری ذرائع سے معلومات تک رسائی کے قوانین کو استعمال کرتے ہوئے جمع کیے ہیں تاکہ بچوں کے تحفظ کے حوالے سے زیادہ مؤثر حکمت عملی ترتیب دی جا سکے۔
