پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل ذیشان سعید نے جمعرات کے روز نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایئرپورٹ کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ ڈپٹی ڈی جی ایئرپورٹس صادق الرحمان بھی موجود تھے۔
پروجیکٹ ڈائریکٹر فیض اللہ خٹک نے معزز مہمانوں کو ایئرپورٹ کی آپریشنل تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس دوران پروجیکٹ ٹیم نے ایئرپورٹ اسٹیک ہولڈرز کو کاروباری مواقع اور اقتصادی زونز کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔
ذیشان سعید نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایئرپورٹ اس ماہ کے آخر تک مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔
جدید سہولیات سے لیس نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر پر 246 ملین ڈالر لاگت آئی ہے، جس میں چینی گرانٹ بھی شامل ہے۔ ایئرپورٹ کا بڑا رن وے اور جدید ٹرمینل بلڈنگ ہر قسم کے بڑے جہازوں کی لینڈنگ کے لئے موزوں ہیں۔
اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف گوادر میں تجارت کو فروغ ملے گا بلکہ خطے میں اقتصادی ترقی کے نئے دروازے بھی کھلیں گے۔ پی اے اے کے مطابق ایئرپورٹ جدید سہولیات سے آراستہ ہے اور قومی و بین الاقوامی پروازوں کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔