محکمہ ایکسائز اسلام آباد میں بوگس کسٹم دستاویزات پر گاڑیوں کی رجسٹریشن میں ملوث 2 ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے بوگس دستاویزات پر گاڑیوں کی غیر قانونی رجسٹریشن میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں فیض الحسن اور شہریار تنولی شامل ہیں۔دونوں کو ضمانت قبل از گرفتاری منسوخ ہونے پر جمعہ کے روز گرفتار کیا گیا۔
سپیشل جج سنٹرل اسلام آباد کی جانب سے ملزمان کی ضمانت منسوخ کی گی۔ملزمان کے خلاف کاروائی محکمہ ایکسائز کی جانب سے شکایت پر عمل میں لائی گئی تھی۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان نان کسٹم گاڑیوں کے جعلی پیپر تیار کرتے تھے۔ملزمان نے لگژری گاڑیوں کو جعلی کسٹمز امپورٹ دستاویز کے ساتھ رجسٹرڈ کرنے کی کوشش کی تھی۔
ملزمان نے مجموعی طور پر 4 لگژری گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لئے جعلی امپورٹ لیٹرز، آکشن لیٹرز ایکسائز دفتر کو جمع کروائے۔مذکورہ دستاویزات کو کسٹم حکام نے بھی جعلی قرار دیا۔دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔