اسلام آباد پاکستان کے لیے برطانوی ہائی کمشنر، جین میریٹ سی ایم جی او بی ای نے اسلام آباد اور کراچی میں کنگ چارلس III کی 76ویں سالگرہ منانے کے لیے مہمانوں کا پُر تپاک خیرمقدم کیا۔
اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، خصوصی اقدامات اور بین الصوبائی رابطہ، احسن اقبال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔
اس موقع پر پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے برطانوی فوج کی سب سے قدیم فعال رجمنٹ، برطانیہ کے آنریبل آرٹلری کمپنی رجمنٹل بینڈ نے دونوں شہروں میں منعقدہ تقریب اور پاکستان مونیومنٹ میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ دونوں تقاریب کی لائیو پرفارمنس نے سامعین کو اپنی گرفت میں لے لیا۔ اس سال اپنے مشہور ‘بلاک بسٹر’ گانے کے لیے وائرل ہونے والے گھروی گروپ نے بھی تقریب میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور حاضرین سے داد سمیٹی۔
اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر، جین میریٹ سی ایم جی او بی ای نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “برطانوی بے مثال مہارت کے ساتھ ان تمام پہلوؤں کو اپنی گرفت میں لے لیتے ہیں جو ہمیں تخلیقی صلاحیتوں، تنوع، اور ثقافتی رنگا رنگی کے حامل برطانیہ کے بارے میں پسند ہیں۔ برطانوی فلمیں، ٹی وی ڈرامے، موسیقی، اور فیشن دنیا بھر میں مقبول ہیں، اور یہی وہ عناصر ہیں جو برطانیہ اور پاکستان کے درمیان گہرے تعلقات کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔”
اسلام آباد میں راک بینڈ ‘خودغرض’ کی پرفارمنس نے اپنے برطانوی اور پاکستانی کورسز کے سیٹ سے حاضرین کو مزید کی طلب پر مجبور کیا۔ کراچی میں، ایکٹن ہاؤس کے باغ میں “ایکٹن بری” نامی فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس میں آنریبل آرٹلری کمپنی ریجمنٹل بینڈ سمیت پانچ فنکاروں نے پرفارم کیا: ماریا یونرا، جرمیاس نعیم، ایلیشیا ڈائس اور حسین ڈوسا۔
رواں سال 2024 برطانیہ اور پاکستان کے درمیان فنکارانہ اور عوام سے عوام کے رابطوں کے لیے ایک اہم سال ہے۔ ان اہم موقعوں میں برٹش کونسل کی تخلیق کی 90 ویں سالگرہ، ایک سنسنی خیز ٹیسٹ کرکٹ سیریز، اور مرحوم استادِ قوالی نصرت فتح علی خان کے پہلے سے دریافت نہ کیے گئے البم ‘چین آف لائٹ’ کی ریلیز شامل ہیں۔
یہ تقریبات موسیقی اور فن کے ذریعے برطانیہ کے تخلیقی شعبے کا عکس ہیں، جو عالمی فن اور ثقافت کے منظرنامے کو تشکیل دیتے ہوئے 50 ارب پاؤنڈ سے زیادہ کی برآمدات کی پیداوار کرتا ہے۔