وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں نیپال کے سبکدوش ہونے والے سفیر تاپاس ادھیکاری نے آج اسلام آباد میں الوداعی ملاقات کی.
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نیپال کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ رواں برس ستمبر میں نیو یارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیپالی وزیر اعظم کے-پی شرما اولی کے ساتھ اپنی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعاون بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور نیپال کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے سفیر ادھیکاری کی کوششوں کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے میں ان کے کردار کو سراہا۔
سفیر ادھیکاری نے وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی کی تعریف کی اور پاکستان میں سفارتی دورانئےمیں ان کو دی جانے والی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے جنوبی ایشیا کے عوام کیلئے امن و خوشحالی کی غرض سے علاقائی تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔