پاکستان ایران کے ساتھ سرحد کو امن اور دوستی کی سرحد قرار دیتا ہے ترجمان وزارت خارجہ

پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے پاک ایران مشترکہ سرحدوں کو امن اور دوستی کی سرحد قرار دیا ہے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس کانفرنس کے دوران سوال کا جواب دیتے ہوئے پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زھرا بلوچ نے کہا کہ ہماری سرحدیں امن اور دوستی کی سرحدیں ہیں اور پاکستان مشترکہ سرحدوں کے قریب دہشت گردی اور اسمگلنگ کی روک تھام کا پختہ عزم رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران اعلی پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کیں اور ہم اچھے معائدوں تک پہنچ گئے ہیں۔

ممتاز زہرا نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ اسلام آباد کے دوران مشترکہ سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے لازمی ہم آہنگی اور رابطوں کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان سرحد امن اور دوستی کی سرحدیں ہیں ہے اور ہم اپنے رابطوں میں اضافہ کریں گے۔

ممتاز زہرا نے مزید کہا کہ سیکورٹی فورسز نے حال ہی میں پاکستان کی سرزمین کے اندر اور ایران کے ساتھ مشترکہ سرحدی پٹی سے 30 کلو میٹر کے فاصلے پر اسمگلروں کے خلاف آپریشن کیا۔

انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر امن و سلامتی کے قیام کے لیے ہمارے اقدامات جاری رہیں گے اور پاکستان اپنے پڑوسیوں کے ساتھ مشترکہ سرحدوں پر دہشت گردی اور اسمگلروں کے خلاف لڑنے کا پختہ عزم رکھتا ہے۔

واضح رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے گزشتہ منگل کی رات پاکستان کے اپنے سرکاری دورے کے اختتام پر تہران اسلام آباد دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور علاقائی مسائل اور تناؤ کو کم کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں