اسلام آباد: اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے پاکستانی نیوی کی جانب سے فوری اور بہادری سے 23 ایرانی ماہی گیروں کو بچانے پر خراج تحسین پیش کیا۔ کھلے سمندر میں ایک ماہی گیر کشتی سے موصول ہونے والی ہنگامی کال پر پاکستان نیوی نے تیزی اور پیشہ ورانہ انداز میں کارروائی کی جس سے کشتی پر سوار تمام افراد کی جانیں محفوظ ہوئیں۔
اظہار تشکر کے اپنے پیغام میں سفیر رضا امیری مقدم نے ایران اور پاکستان کے مابین دیرینہ تعاون اور باہمی حمایت کو سراہا، خصوصاً بین الاقوامی پانیوں میں ریسکیو اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فراہم کی جانے والی امداد کے حوالے سے۔ ان کا کہنا تھا کہ “ایران اور پاکستان کے درمیان بین الاقوامی پانیوں میں ریسکیو اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کے حوالے سے گہرا باہمی تعاون ہے۔”
مارچ 2024 میں پیش آنے والے ایک واقعے کو یاد کرتے ہوئے، جب پاکستان نیوی نے آتشزدگی میں پھنسے ہوئے آٹھ ایرانی ماہی گیروں کو بہادری سے بچایا، ایرانی سفیر نے دونوں ممالک کے مابین دوستی اور بھائی چارے کے مضبوط رشتے کو اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “ایران اور پاکستان ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، اور یہ دونوں برادر ممالک کی تاریخ میں ہمیشہ کی روایت رہی ہے۔”
یہ ریسکیو آپریشن ان مشترکہ اقدار اور مستقل حمایت کا مظہر ہے جو ایران اور پاکستان کے تعلقات کو مضبوطی سے جوڑے ہوئے ہیں۔