پاکستانی افواج کی جانب سے بنوں کے علاقہ بکاخیل میں بدھ کے روز انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا، اس کاروائی میں 8 خوارج مارے گئے جبکہ 7 زخمی کردیے گئے۔ تاہم، دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلہ میں ایک میجر اور دو سپاہی شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا۔
آپریشن کے دوران شہید میجر عاطف خلیل آپریشن کی قیادت کرتے ہوئے جام شہادت نوش فرما گئے، ان کے ساتھ نائیک آزاد اللہ اور لانس نائیک غضنفر عباس بھی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ میجر عاطف خلیل شہید کا تعلق ضلع سدھنوتی آزاد کشمیر سے ہے اور ان کی عمر 31سال ہے۔
میجر عاطف خلیل شہید نے 8 سال سے زائد عرصے تک دفاعِ وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا، انہوں نے سوگواران میں والدین، بہن بھائی، اہلیہ اور ایک بیٹی چھوڑے ہیں۔
نائیک آزاد اللہ شہید کا تعلق ضلع کرک سے ہے اور ان کی عمر 36 سال ہے۔ نائیک آزاد اللہ شہید نے اپنی زندگی کے 15 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے وطن عزیز کا دفاع کیا۔ ان کے سوگواران میں اہلیہ ، دو بیٹے اور بیٹی شامل ہیں۔
35 سالہ لانس نائیک غضنفر عباس شہید کا تعلق ضلع لیہ سے ہے، انہوں نے 14 سال تک وطن عزیز کے دفاع کا فریضہ سرانجام دیا۔ نائیک غضنفر عباس شہید کے سوگواران میں اہلیہ، بیٹی اور ایک بیٹا شامل ہیں۔
فوج نے صوبہ بلوچستان کے ضلع ژوب میں آپریشن کر کے ایک خارجی کو ہلاک اور ایک زخمی کو زخمی کر دیا۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں خوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک خوارجی ہلاک اور زخمی ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران فائرنگ شدید تبادلہ ہوا۔آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی ممکنہ خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن واستحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنادیں گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بنوں میں خوارج دہشت گردوں کے آپریشن میں جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
ایوا صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے میجر عاطف خلیل، نائیک آزاد اللّٰہ اور لانس نائیک غضنفر عباس کو قوم کی جانب سے سلام پیش کیا۔
انہوں نے کہا پاک فوج کے جوانوں نے خوارج کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔پوری قوم فتنۃ الخوارج کے خلاف اپنی فورسز کے ساتھ ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز دفاع وطن کی خاطر ہمہ وقت چوکس ہیں۔صدر مملکت نے بنوں میں جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کیلئے بلندی درجات کی دعا کی۔ اور شہداء کے لواحقین سے اظہار ہمدردی، صبر جمیل کی دعا کی۔