اسلام آباد میں شہید پولیس اہلکار کی نماز جنازہ میں گورنر کنڈی وزیر داخلہ محسن نقوی اور پولیس افسران کی شرکت

اسلام آباد گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے مظاہروں کے دوران مظاہرین کے ہاتھوں فرض کی ادائیگی میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار حمید شاہ کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ پولیس افسران کا کہنا تھا کہ شہید اہلکار نے امن و امان کی بحالی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

نماز جنازہ میں شرکت کے موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے شہید اہلکار کے بیٹے ، بھائی اور ساتھی اہلکاروں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور قوم ان کے اس عظیم جذبے کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ملک کی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے بے مثال خدمات سرانجام دے رہے ہیں، اور شہید اہلکار کی قربانی اس عزم کی علامت ہے کہ ملک کے امن و استحکام کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے گا۔

نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، پولیس کے اعلیٰ حکام، دیگر سرکاری شخصیات ، شہریوں اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ جنازہ میں شریک پولیس اہلکاروں نے گورنر خیبرپختونخوا کی جنازہ میں شرکت کو خیبرپختونخوا کی جانب سے ایک محبت بھائی چارے کی علامت قرار دیاان کا کہنا تھا کہ ایک صوبہ کے وزیر اعلیٰ کی قیادت میں آنے والے مظاہرین نے ہمارے ساتھی کو شہید کیا تو گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جنازہ میں شرکت کرکے ہمارے زخموں پر مرہم رکھا، واضح رہے کہ نماز جنازہ کے بعد گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شہید اہلکار کی میت پر پھولوں کا گلدستہ بھی رکھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں